Khyber Pakhtunkhwa Government, Led by Chief Minister Ali Amin Gandapur, Presents Pro-People and Pro-Poor Budget:Barrister Dr. Saif

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی سربراہی میں خیبر پختونخوا حکومت نے عوام دوست اور غریب دوست بجٹ پیش کیا ہے،مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی سربراہی میں خیبر پختونخوا حکومت نے عوام دوست اور غریب دوست بجٹ پیش کیا ہے۔یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ علی امین کی واضح ہدایت تھی کہ بجٹ میں پسماندہ طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ اس بار روایت کے برعکس وفاق سے پہلے بجٹ پیش کیا گیا اس لئے اپوزیشن بھی اس بار روایتی تنقید سے گریز کرے۔انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ منصوبے کو پی ڈی ایم حکومت نے خیبرباد کہا تھا مگر ہم نے بجٹ میں اس کیلئے خطیر رقم مختص کی، صحت کارڈ خیبر پختون خوا کا انقلابی منصوبہ ہے جس سے صوبے کے غریب عوام 10 لاکھ روپے تک مفت صحت کی سہولیات لے رہے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف نے اقتدار سنھبالتے ہی صحت کارڈ منصوبے کو بحال کیا جس سے چند مہینوں میں ایک لاکھ سے زائد مریضوں نے استفادہ کیا۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید کہا کہ صحت اور تعلیم پاکستان تحریک انصاف کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں یہی وجہ ہے کہ بجٹ2024-25 میں ان دونوں شعبوں کے لئے خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔ نوجوان ہمارا سرمایہ ہیں، بجٹ میں نوجوانوں کو باروزگار بنانے کے لئے بلاسود قرضوں کے لئے رقم مختص کی گئی اور تعلیم کو فروغ دینے کے لئے گزشتہ سال کی نسبت 13 فیصد زیادہ بجٹ مختص کیا ہے۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ ڈی آئی خان موٹروے اور چشمہ لفٹ کینال منصوبے بھی اس بجٹ میں شامل کئے گئے ہیں۔ مذکورہ منصوبوں کی تکمیل سے جنوبی اضلاع کی تقدیر بدل جائیگی کیونکہ ڈی آئی خان تا پشاور سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اور اس پر آئے روز حادثات بھی رونما ہوتے ہیں، مذکورہ منصوبہ سے سفر آسان اور مختصر ہو جائے گا۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ زراعت کے شعبے کے لئے بجٹ میں خطیر رقم مختص کی گئی اس کے علاوہ بجلی پیداوار کے منصوبوں سمیت سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور ریلیف سرگرمیوں کو مزید بہتر بنانے کے لئے بجٹ میں خصوصی توجہ دی گئی ہے۔

About The Author

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *