پشاور: ینگ فارماسسٹ کمیونٹی پاکستان کے زیرِ اہتمام ورلڈ فارماسسٹ ڈے 2025 کے موقع پر ایک شاندار اور تاریخی تقریب کا جمعہ کے روزپشاور کے ایک مقامی ہوٹل میں انعقاد کیا گیا۔ اس سال کے عالمی دن کا موضوع تھا: “صحت کے بارے میں سوچیں، فارماسسٹ کے بارے میں سوچیں”۔ اس عظیم تقریب میں خیبر پختونخوا کے مختلف جامعات کے طلبہ و طالبات اور فارمیسی کے گریجویٹس نے بھرپور شرکت کی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ، بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف تھے، جنہوں نے فارماسسٹ کے صحت کے شعبے میں اہم کردار پر روشنی ڈالی۔ مہمانِ خصوصی کی موجودگی میں کیک کاٹنے کی تقریب بھی منعقد ہوئی جس میں بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے کیک کاٹ کر فارماسسٹ کے دن کی خوشی پر شرکائ کو مبارکباد دی۔اس موقع پر صوبائی اسمبلی کے رکن عبید الرحمٰن، جمعیت علمائے اسلام کے امیر، مولانا عبد الحق ثانی، اور ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے ایڈیشنل سیکرٹری منصور ارشد نے بھی تقریب میں شرکت کی اور نوجوان فارماسسٹوں کی کاوشوں کو سراہا۔مزید برآں، ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی سیکرٹری ڈرگ، ابراہیم، نصیر اور ڈرگ کنٹرول کے نمائندگان، حامد خٹک اور ذاکر شاہ نے بھی تقریب میں اپنی موجودگی سے شرکائ کی حوصلہ افزائی کی۔تقریب میں مختلف دلچسپ اور علمی مقابلے بھی منعقد ہوئے، جن میں یونیورسٹی آف پشاور نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوئز مقابلہ اور ماڈل مقابلہ دونوں جیت کر سب کی توجہ حاصل کی۔اس کامیاب تقریب کی چیف آرگنائزر محترمہ سحرش جبین تھیں جنہوں نے اپنی ٹیم کے ساتھ بہترین انتظامات کر کے اس ایونٹ کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ینگ فارماسسٹ کمیونٹی پاکستان نے اپنے عزم کا اعادہ کیا کہ وہ صحت کے شعبے میں فارماسسٹ کے کلیدی کردار کو اُجاگر کرنے اور فارمیسی کی تعلیم و تربیت کے فروغ کے لیے آئندہ بھی ایسے مثبت اور بامقصد اقدامات جاری رکھے گی۔