صحافت مقدس پیشہ ہے، حکومت مکمل تعاون فراہم کرے گی,مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا

0
12

پشاور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ صحافت ایک مقدس اور ذمہ دارانہ پیشہ ہے، صوبائی حکومت اس کے فروغ اور اہلِ صحافت کو سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی مالی و پیشہ ورانہ معاونت ان کی اولین ترجیح ہے اور وہ اس مقصد کیلئے ذاتی طور پر بھی بھرپور کردار ادا کریں گے۔ وہ جمعرات کے روز کوہاٹ پریس کلب میں نومنتخب کابینہ کی تقریب حلف برداری سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر پریس کلب کے صدر نورمحمد بنگش نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے صوبائی حکومت کی جانب سے ایک کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ پر شکریہ ادا کیا اور میڈیا کالونی سمیت بعض زیر التواء مسائل کی نشاندہی کی. ڈاکٹر سیف نے مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ حکومت اپنے تمام وعدے پورے کرے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جدید دور کے تقاضوں کے پیشِ نظر محکمہ اطلاعات میں ”ڈیجیٹل ڈائریکٹوریٹ“ قائم کیا گیا ہے، جو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور رجسٹرڈ اداروں کو نہ صرف تعاون فراہم کرے گا بلکہ انہیں سرکاری اشتہارات بھی جاری کئے جائیں گے۔ افغان مہاجرین کی بے دخلی سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت وفاقی فیصلے سے متفق نہیں اور اسے ناانصافی قرار دیتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام نہ صرف ملکی و بین الاقوامی قوانین بلکہ انسانی حقوق کی بھی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت افغان مہاجرین کی باعزت واپسی کیلئے ہر ممکن تعاون کر رہی ہے جبکہ اس سلسلے میں عوام اپنی شکایات 1700 ہیلپ لائن پر درج کرا سکتے ہیں۔ دہشت گردی کے حوالے سے بیرسٹر سیف نے کہا کہ وفاقی حکومت کو افغان حکومت کے ساتھ باضابطہ بات کرنی چاہئے جبکہ ملک کے اندر مسلح جتھوں کے خلاف سختی سے نمٹا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے میں پولیس کو جدید اسلحہ فراہم کرنے اور خصوصی تربیت دینے کا عمل تیزی سے جاری ہے تاکہ دہشت گردی کا مؤثر خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here