پشاور:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ علی امین خان گنڈاپور نے ضم اضلاع میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سنجیدہ قدم اٹھایا ہے۔ سیاسی پارٹیوں سمیت تمام سٹیک ہولڈرز سے بھی اس اہم مسئلے کو سنجیدہ لینے کی توقع ہے، خیبر پختونخوا حکومت ضم اضلاع میں امن و امان کے قیام کے لیے جلد آل پارٹیز کانفرنس طلب کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو اس کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جائے گی اور اس سلسلے میں وزیراعلیٰ نے ضم اضلاع کے منتخب ارکانِ قومی و صوبائی اسمبلی کا ایک اہم اجلاس بھی طلب کیا ہے۔ تمام مکاتبِ فکر اور ضم اضلاع کے عوام کو بھی اس عمل میں شریک کیا جائے گا۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور ضم اضلاع میں امن و امان کے قیام کے حوالے سے انتہائی سنجیدہ ہیں۔ دہشت گردی کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور اجتماعی کوششوں سے ہی اس مسئلے پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے مزید کہا کہ خیبر پختون خوا حکومت ضم اضلاع میں دہشت گردی کے خاتمے اور ترقی کی راہ پر ڈالنے کے لئے سنجیدہ ہے اور اس سلسلے میں وزیر اعلی علی امین گنڈپور کی قیادت میں خیبر پختون خوا حکومت عملی اقدامات اٹھارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضم اضلاع کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرنا صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں جب تک ضم اضلاع کی محرومیوں کا ازالہ نہیں کیا جاسکتا تب تک دہشت گردی کا خاتمہ ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا انضمام کا مقصد بھی یہی تھا کہ قبائلی اضلاع کو صوبے کے دیگر اضلاع کے برابر لایا جائے۔