پشاور:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ اپوزیشن ایسا پروپیگنڈا کر رہی ہے جیسے اس نے خود اپنے ٹکٹس کسی غریب ورکر کو دیے ہوں،پی ٹی آئی نے مراد سعید، فیصل جاوید, پیر نورالحق قادری اور روبینہ ناز جیسے امیدواروں کو ٹکٹس دیے ہیں، جو سرمایہ دار نہیں ہیں، اپوزیشن وضاحت کرے کہ کتنے عام ورکر اور کتنے سرمایہ داروں کو ٹکٹ دیے ہیں۔، بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ اپوزیشن پروپیگنڈا کرنے کے بجائے مخصوص نشستوں پر قبضے کا جواب دے، صوبے کا مسترد شدہ ٹولہ پی ٹی آئی کی مخصوص نشستوں پر حلف اٹھا کر اخلاقیات کا بھاشن نہ دے۔انہوں نے کہا کہ پہلے فارم 47 کے ذریعے پی ٹی آئی کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا اور اب مخصوص نشستوں پر قبضہ کر کے عوام کو گمراہ کیا جا رہا ہے۔ خیبر پختوننخوا میں اپوزیشن جماعتوں میں اتنی اخلاقی ہمت نہیں تھی کہ مخصوص نشستوں سے انکار کردیتیں کیونکہ مخصوص نشستیں واضح طور پر پی ٹی آئی کی ہیں۔ بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے کہا کہ خیبر پختون خوا میں عوام نے جن جماعتوں کو بری طرح مسترد کیا تھا ان ہی میں پی ٹی آئی کی مخصوص نشستیں تقسیم کرکے عوامی رائے کی توہین کی۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ مخصوص نشستیں دوسری جماعتوں کو دینا نہ صرف ناانصافی ہے بلکہ پارلیمانی سیاست کی توہین ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اشرافیہ نے ذاتی مفادات کی خاطر قانون اور آئین کا چہرہ مسخ کیا ہے۔ ایک وقت آئیگا کہ فارم 47 والوں کو اپنے تمام اوچھے ہتھکنڈوں کا حساب دینا ہوگا۔