پشاور:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے کہا ہے کہ لاہور ایک بار پھر پانی میں ڈوبا ہوا ہے جبکہ ٹک ٹاکر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز زبردستی شہریوں سے زندہ باد کے نعرے لگوانے میں مصروف ہیں۔ شہریوں سے زبردستی زندہ باد کے نعرے لگوانے سے بہتر ہے کہ زمین میں گڑ کر شرم سے ڈوب جائیں،جعلی راج کماری مریم نواز پولیس کے زور پر عوام سے زبردستی نعرے لگوا رہی ہیں۔بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے مزید کہا کہ جعلی فارم 47 کی وزیراعلیٰ پر تنقید کرنا بھی اب جرم بن چکا ہے جب ایک عام شہری نے انہیں آئینہ دکھایا، تو جعلی راج کماری نے برا مان لیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب کو چاہئے کہ وہ زبردستی نعرے لگوانے کی بجائے اپنی کارکردگی پر توجہ دیں، تنقید کرنے والے شہری کو گرفتار کر کے زبردستی بیان ریکارڈ کروانا جمہوریت کے منہ پر طمانچہ ہے۔ بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے مزید کہا کہ بدترین مارشل لا میں بھی ایسے ہتھکنڈے استعمال نہیں کیے گئے جو اب جعلی راج کماری کی حکومت میں ہو رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ علی امین خان گنڈاپور اور کے پی کابینہ نے دورہ لاہور میں سڑکوں کی حالت زار دیکھی تھی تعفن اور بدبو کے باعث لاہور کی سڑکوں پر سانس لینا بھی دشوار ہو چکا ہے،چند گھنٹوں کی بارش نے مریم نواز کے پیرس کا پول کھول دیا یے۔مریم نواز ترقیاتی کاموں کے لئے علی امین سے ٹیوشن لیں ان لوگوں کے کئی بار اقتدار میں آنے کے باوجود لاہور کی حالت آج بھی ابتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا شریف خاندان کی ترجیحات میں شامل نہیں بلکہ عوام کو اذیت پہنچانا انکے ترجیحات میں شامل ہیں۔ جعلی راج کماری مریم نواز نے ٹک ٹاک پر ایسا تاثر دیا جیسا پنجاب لندن یا پیرس ہو مگر چند گھنٹوں کی بارش نے انکے جھوٹے دعوؤں کو بے نقاب کیا ہے۔ لاہور کی سڑکیں اور گلیاں انکے جھوٹے دعوؤں کی گواہی دے رہی ہیں۔ بارش کے بعد عوام کا گھروں سے نکلنا محال ہوگیا ہے۔ نکاس اب کے نالے ابھلنے سے شہریوں کا برا حال ہے۔ گند اور بدبو کی وجہ سے بیماریاں پھیل رہی ہیں جبکہ جعلی راج کماری شیش محل میں بیٹھ کر تماشا دیکھ رہی ہے۔