پشاور:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات و عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو عام قیدیوں جیسی سہولیات سے بھی محروم رکھاجا رہا ہے۔مریم نواز کو بشریٰ بی بی سمیت تمام پی ٹی آئی خواتین سے ذاتی عناد ہے۔ مریم نواز کی ہدایات پر بشریٰ بی بی کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے بشریٰ بی بی پر سختیاں مزید بڑھا دی گئی ہیں اور انہیں ذہنی اذیت دی جا رہی ہے، بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید کہا کہ بشریٰ بی بی کو عمران خان سے وفاداری کی سزا دی جا رہی ہے۔یاسمین راشد بھی قید میں کینسر جیسے موذی مرض سے نبرد آزما ہیں، اور انہیں آکسیجن جیسی بنیادی سہولت سے بھی محروم رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔تمام تر ظلم اور بربریت کے باوجود بشریٰ بی بی سمیت تمام پی ٹی آئی خواتین ڈٹ کر کھڑی ہیں، بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے کہا کہ مریم نواز کا پی ٹی آئی خواتین کو توڑنے کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا،مریم نواز ذاتی بغض میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ مریم نواز اتنا ہی ظلم کریں جتنا کل خود بھی برداشت کر سکیں۔ بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک نظریے کا نام ہے اور نظریے کو ختم کرنا مشکل ہی نہیں بلکہ ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے خواتین بھی نظریے کی جنگ لڑ رہی ہیں اس لئے مریم نواز اوچھے ہتھکنڈوں سے انکو دبا نہیں سکتیں۔ بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے کہا کہ بشری بی بی نے عمران خان کے ساتھ جو نبھائی ہے اسکی مثال نہیں ملتی ۔ انہوں نے کہا کہ یاسمین راشد بیماری کے باوجود جس بہادری سے قید کاٹ رہی ہیں اور جعلی حکومت کی سختیاں برداشت کررہی ہیں اسکی مثال نہیں ملتی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب عمران خان سمیت تمام پی ٹی آئی قیدی رہا ہوکر ملک کی باگ ڈور سنبھالیں گے۔