پشاور: مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی پی ٹی آئی راہنما اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈر پر عملدرآمد نہ کرنے کے جرم میں وزیراعلیٰ مریم نواز کو طلب کرکے توہین سینٹ کی کارروائی کریں۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بے گناہ اعجاز چوہدری کے لئے جاری کردہ پروڈکشن آرڈر پر وزیراعلیٰ پنجاب تین ماہ سے عمل درآمد نہ کرکے سینٹ کی توہین کر رہی ہیں،چیئرمین سینٹ تھرتھر کانپنے کے بجائے سینٹ کی توہین پر وزیراعلیٰ پنجاب کو طلب کرکے کارروائی کریں۔انہوں نے کہا کہ تین ماہ سے پروڈکشن آرڈرز پر عمل نہ ہونا پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی ملی بھگت ثابت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینٹ کے پروڈکشن آرڈر پر پیپلز پارٹی نمائشی بیانات دینے کے بجائے حکومت سے علیحدہ ہونے کا اعلان کرے۔مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نمائشی لڑائی سے عوام کو دھوکہ نہیں دے سکتے، دونوں جماعتیں عوام اور تاریخ میں چھبیسویں ترمیم کرنے والے جمہوریت کش ٹولے کے طور پر یاد رکھی جائیں گی۔ بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے مزید کہا کہ پروڈکشن آرڈر کی توہین پوری سینٹ کی توہین کے مترادف ہے، مریم نواز کے خلاف توہین سینٹ کی کاروائی کرنی چاہیے۔