پشاور:وزیر اعلی خیبرپختونخواکے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے وزیر دفاع خواجہ آصف کے دہشت گردی سے متعلق دئیے گئے بیان پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر دفاع خواجہ آصف کاخیبر پختونخوا میں دہشت گردوں کو بسانے کا بیان گمراہ کن اور بے بنیاد ہے،ایسے الزامات لگانے کا مقصد وفاقی حکومت کی دہشت گردی کے خلاف ناکامی کو چھپانے کی ایک ناکام کوشش ہے، خواجہ آصف کسی ایک دہشت گرد کی نشاندہی کریں جو خیبر پختونخوا میں بسایا گیا ہو، اگر وزیر دفاع کو واقعی دہشت گردوں کے بسائے جانے کا علم ہے تو الزامات لگانے کی بجائے ان کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کرتیوزیر دفاع صرف اسلام آباد کی سرحدات کے نہیں بلکہ پورے ملک کی سرحدات کے ذمہ دار ہیں افسوس کی بات ہے کہ وزیر دفاع جیسے اہم عہدے پر فائز ہونے کے باوجود خواجہ آصف دہشت گردی جیسے حساس مسئلے پر سیاسی بیان بازی کر رہے ہیں، بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید کہا کہ دہشت گردی کا مقابلہ محض بیانات سے نہیں، بلکہ عملی اقدامات سے کیا جا سکتا ہے،خواجہ آصف نے مارشل لا کا ساتھ دینے پر معذرت کی، بہتر ہوگا کہ وہ فارم 47 پر بھی معذرت کریں، دہائیوں بعد معذرت کرنے کا کوئی فائدہ نہیں، انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف کو فارم 47 پر ایم این اے بننے پر ریحانہ ڈار سے بھی معافی مانگنی چاہیے، اوروزیر دفاع ہونے کے ناطے خواجہ آصف کو بلوچستان واقعے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے استعفیٰ دینا چاہیے۔