پشاور:
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات وتعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ قدرتی آفات پر سیاست نہیں کرنا چاہئے۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز قدرتی آفات پر سیاست کرنے کی بجائے اپنے صوبے پر توجہ دیں۔سوات میں قدرتی آفت میں انسانی جانوں کے ضیاع پر ہر دل دکھی ہے۔سوات واقعے میں مکمل حکومتی مشینری متحرک رہی اوربروقت کارروائی کرتے ہوئے 75 پھنسے ہوئے افراد کو بحفاظت محفوظ مقامات پر منتقل کیاگیا۔ مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نے پیشگی الرٹ جاری کیا تھا اور ریسکیو ٹیمیں بھی پہلے سے تعینات تھیں جبکہ وزیراعلیٰ نے ہیلی کاپٹر عوام کی خدمت کے لیے وقف کر دیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل پاڑا چنار میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے سینکڑوں افراد کو فضائی خدمات فراہم کی گئی تھیں اور کئی ٹن ادویات متاثرہ علاقوں میں پہنچائی گئی تھیں۔سوات واقعے میں خراب موسم اور وقت کی کمی ہیلی کاپٹر سروس کی فراہمی میں رکاوٹ بنی۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ واقعے کے بعد وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں معطل کر دیا ہے اور تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس نے آج سے باقاعدہ طور پر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے لیے مالی امداد کا اعلان بھی کیا ہے۔ بیرسٹرسیف کا کہنا تھا کہ پنجاب کی کابینہ بدعنوان عناصر پر مشتمل ہے اورمریم نواز روزانہ صبح بریفنگ لیتی ہیں کہ کہاں سے کتنا فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قدرتی آفات پورے ملک میں کہیں پر بھی آسکتی ہیں اس لیے ان معاملات پر سیاست سے گریز کرنا چاہیے۔