پشاور:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ نااہل حکومت، پی ٹی آئی کے اہل امیدواروں کو نااہل قرار دے رہی ہے، جن امیدواروں کو نااہل قرار دیا گیاان کا اصل قصور یہ تھا کہ وہ فارم 45 پر منتخب ہوئے تھے۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید کہا کہ جعلی حکومت، پی ٹی آئی کے امیدواروں کو جعلی مقدمات میں نااہل قرار دے رہی ہے اورپی ٹی آئی کے امیدواروں کو نااہل قرار دینا، فارم 47 کے ذریعے اپنے امیدوار لانے کی سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اب ایک ریاستی ادارہ نہیں بلکہ جعلی حکومت کی بی ٹیم بن چکا ہے۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف کہا کہ جعلی حکومت 5 اگست کی احتجاجی کال سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے لیکن جعلی حکومت کے اوچھے ہتھکنڈے پی ٹی آئی کے احتجاج کو نہیں دبا سکتے اوریہ احتجاج، جعلی حکومت کے سیاسی تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اب جعلی حکومت عمران خان کی رہائی کو مزید نہیں روک سکتی عوام عمران خان کی رہائی اور حقیقی آزادی کے لیے پُرجوش ہیں۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ خیبر پختون خوا سمیت پورے ملک میں احتجاج کی تیاریاں جاری ہیں کارکن شدت سے 5 اگست کا انتظار کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی طاقت کے سامنے جعلی حکومت کی تمام تدبیریں ناکام ثابت ہوں گی۔