پشاور: خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ، بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے زمونگ کور ماڈل انسٹیٹیوٹ فار اسٹیٹ چلڈرن ایبٹ آباد کیمپس حویلیاں کا دورہ کیا۔دورے کے دوران اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد عدنان مراد نے ادارے کی تعلیمی، فنی اور ہنر مندی سے متعلق سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈاکٹر محمد علی سیف نے بچوں سے ملاقات کی، ان سے مختلف سوالات کیے اور ان کے علم، صلاحیت اور اعتماد کو سراہا۔زمونگ کور ایبٹ آباد کیمپس میں اس وقت 98 بچوں کو معیاری تعلیم، ہنر مندی، اور کھیلوں کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ یہ ادارہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ویژن کے تحت 2016 میں پشاور میں قائم کیا گیا، جس میں اب 600 سے زائد بچے زیر تعلیم ہیں۔اس ویژن کے تحت خیبرپختونخوا حکومت نے سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) کے تحت ڈیرہ اسماعیل خان، پشاور، سوات اور(گرلز کیمپس) حیات آباد میں مزید چار کیمپس قائم کیے ہیں جہاں بچوں کو تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت، کمپیوٹر کی تعلیم، ذہنی صحت و نفسیاتی معاونت، رہائش اور خوراک کی سہولیات چوبیس گھنٹے مہیا کی جا رہی ہیں۔ڈاکٹر سیف نے خیبرپختونخوا حکومت کی ان کوششوں کو سراہا اور کہا کہ ایسے اقدامات معاشرے کے محروم طبقے کو بااختیار بنانے اور انہیں ایک روشن مستقبل فراہم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہیں۔زمونگ کور ایبٹ آباد کیمپس حویلیاں میں منعقدہ یوم دفاع پاکستان اور سیرت النبی کانفرنس کی تقریبات سے اپنے خطاب میں بیرسٹر سیف نے حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی زندگی کو تمام بنی نوح انسان کے لئے مشعل راہ اور مکمل مثال قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکراور انسانیت کی فلاح وبہبود کے لئے کام کرکے ہم دنیا اور آخرت دونوں میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دفاعی لحاظ سے ایک مضبوط ملک ہے اور نوجوان اپنی صلاحیتیں تعلیم کے حصول پر خرچ کرکے اسے مزید مضبوط بنا سکتے ہیں۔انہوں نے پروگرام میں بچوں کی طرف سے پیش کردہ نعت، تلاوت قران، یوم دفاع پاکستان پر تقریر اور حمدیہ کلام کو سراہا۔انہوں نے ادارے کے سٹاف کے مسائل متعلقہ فورم کیساتھ اٹھانے کا عندیہ بھی دیا۔