+92-91-0000000

Peshawar

سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں معاوضوں کے چیکس کی تقسیم کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے،مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف

Share This Post

پشاور:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ متاثرہ اضلاع کے سیلاب متاثرین میں معاوضوں کے چیک تقسیم کرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔اب تک معاوضوں کی مد میں شہداء کے لواحقین کو مجموعی طور پر 614 ملین روپے جبکہ زخمیوں کو 15.9 ملین روپے فراہم کیے جا چکے ہیں۔مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر شہداء پیکج 10 لاکھ سے بڑھا کر 20 لاکھ روپے کر دیا گیا ہے۔اب تک 307 شہداء کے لواحقین کو معاوضے کے چیکس حوالہ کیے جا چکے ہیں جبکہ باقی 89 شہداء کے لواحقین کو بھی جلد معاوضے کے چیکس فراہم کر دیے جائیں گے۔ اسی طرح 34 زخمیوں کو معاوضے کے چیکس دیے جا چکے ہیں جبکہ باقی 144 زخمیوں کو بھی جلد معاوضے کے چیکس فراہم کیے جائیں گے۔بیرسٹر سیف کا مزید کہنا تھا کہ ڈیجیٹل ایپ کے ذریعے سیلاب متاثرین کو 15 ہزار روپے کی ادائیگیوں کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے۔ ڈیجیٹل ایپ کا مقصد شفافیت اور بروقت ادائیگی کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اتنی تیزی سے معاوضوں کی ادائیگی کی گئی ہے۔اسی طرح سیلاب سے مکمل اور جزوی طور پر متاثرہ گھروں کا سروے جاری ہے، سروے مکمل ہوتے ہی متاثرہ گھروں کے مالکان کو معاوضہ فراہم کیا جائے گا۔مشیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر سیلاب سے متاثرہ گھروں کا معاوضہ بھی دگنا کر دیا گیا ہے اور اب مکمل تباہ شدہ گھروں کا معاوضہ 5 لاکھ سے بڑھا کر 10 لاکھ روپے کر دیا گیا ہے جبکہ جزوی طور پر متاثرہ گھروں کا معاوضہ ڈھائی لاکھ سے بڑھا کر 5 لاکھ روپے کر دیا گیا ہے۔