اسلام آباد:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے افغان سفیر سردار احمد شکیب سے اسلام آباد میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ملاقات میں خطے میں امن و استحکام کے لئے دونوں ممالک کے کردار اور خیبر پختونخوا حکومت کے اس حوالے سے اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ و زیراعلیٰ علی امین خان گنڈاپور کی قیادت میں صوبائی حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، امن و امان کے قیام میں افغانستان کا کردار کلیدی ہے، ملاقات میں تجارت اور معیشت کی مضبوطی پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی اور افغان سفیر سردار احمد شکیب نے کہا کہ طورخم بارڈر پر تجارتی سہولیات بڑھانے کی ضرورت ہے اور تجارت بڑھانے اور معیشت کی مضبوطی سے خطے میں امن اور خوشحالی کا فروغ ہو گا۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے بھی کہا کہ عوام کی خوشحالی کیلئے معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کی بحالی ناگزیر ہے،خطے کی ترقی باہمی اعتماد اور تعاون سے ہی ممکن ہے،۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے افغان عوام کی سہولت کیلئے کینسر ہسپتال کی تعمیر کا وعدہ کیا ہے،افغانستان کے سرحدی علاقوں میں سولر ٹیوب ویل فراہم کئے جائیں گے۔