حکومتی وفد نے باجوڑ دھماکے میں شہداء کے بلند درجات اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی
حکومتی وفد نے دھماکے میں شہید سوات اوڈیگرام سے تعلق رکھنے والے اسسٹنٹ کمشنر کے گھر بھی گئے
پشاور:مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی آمین خان گنڈاپور کی ہدایت پر چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس کے ہمراہ باجوڑ اور سوات کا دورہ کیا اور گزشتہ روز دھماکے میں شہداء کے لواحقین کے ساتھ تعزیت اور زخمیوں کی عیادت کی۔ چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس اور مشیر اطلاعات نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ یاد رہے کہ اسسٹنٹ کمشنر کی سرکاری گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا تھا، جس کے نتیجے میں اے سی ناوگئی فیصل اسماعیل، تحصیلدار عبدالوکیل، سب انسپکٹر نور حکیم، کانسٹیبل زاہد اللہ اور محکمہ آبپاشی کے ایک اہلکار سمیت پانچ افراد شہید جبکہ 17 زخمی ہوئے۔ حکومتی وفد نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال خار کا دورہ کیا، زخمیوں کی عیادت کی، ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اور ہسپتال انتظامیہ کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ بعد ازاں ڈی سی کمپاؤنڈ میں سول و پولیس افسران، قبائلی مشران سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں ہوئیں، جن میں موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور امن و امان سے متعلق تفصیلی مشاورت کی گئی۔ اس موقع پر حکومتی وفد نے کہا کہ علاقے میں پائیدار امن کے لیے جلد جامع اقدامات اٹھائے جائینگے۔ خیبرپختونخوا کے عوام اور پولیس نے ہمیشہ جرات اور قربانی کی لازوال مثالیں قائم کی ہیں۔ اور ان کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔ حکومت زخمی افسران کی بحالی اور شہداء کے اہل خانہ کی کفالت کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔ حکومتی وفد نے عوامی نمائندہ جرگہ سے بھی ملاقات کی،جرگے نے وفد کو سیکورٹی سمیت دیگر عوامی مسائل سے بھی آگاہ کیا، حکومتی وفد نے مسائل بغور سنیں اور حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ ملک میں امن امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے، ملک دشمن عناصر ملک میں افراتفری چاہتے ہیں، امن امان کے قیام میں عوام کا تعاون انتہائی ضروری ہے، عوام کے تعاون کے بغیر امن قائم کرنا مشکل ہے۔
بعد ازاں حکومتی وفد نے باجوڑ دھماکے میں شہید ہونے والے اسسٹنٹ کمشنر ناؤگئی باجوڑ فیصل اسماعیل شہید کے آبائی علاقے اوڈیگرام سوات کا دورہ کیا اور شہید فیصل اسماعیل کے والد محمد اسماعیل اور دیگر اہلِ خانہ سے ملاقات کی، حکومتی وفد نے دالخراش وافسوسناک باجوڑ دھماکے پر انتہائی دکھ و افسوس اور دلی تعزیت کا اظہار و فاتحہ خوانی کی۔کمشنر ملاکنڈ ڈویژن عابد وزیر، ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان بھی اس موقع پر موجود تھے اس موقع پر بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف اور دیگر وفد نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر فیصل اسماعیل نے قیامِ امن اور عوامی خدمت کے لیے اپنی جان قربان کرکے بہادری اور فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کی۔ ان کی عظیم قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ شہداء ہمارے قومی ہیرو ہیں جن کی قربانیاں قوم کے دل وجان میں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ خیبرپختونخوا شہداء کے اہلِ خانہ کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔انہوں نے یقین دلایا کہ باجوڑ دھماکے میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لا کر کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔ وفد نے شہید کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے صبر و استقامت کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے شہید فیصل اسماعیل کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے بہادر افسران قوم کا فخر ہیں۔ بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے باجوڑ کے افسوسناک واقعے کا سختی سے نوٹس لیا ہے اور واضح کیا ہے کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ہر صورت ناکام بنایاجائیگا۔