پشاور: صوبائی مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے القادر کیس فیصلے پر اپنے رد عمل میں بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیصلہ بار بار موخر کرنے سے پہلے ہی واضح تھا کہ عمران خان کو انصاف نہیں ملے گا، انصاف میں تاخیر انصاف سے انکار پر آج مہرِ تصدیق ثبت ہوگئی، تین بار فیصلہ موخر کرنے سے انصاف کا جنازہ نکال دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ جعلی مقدمے میں سزا سنانا انتہائی افسوسناک ہے، ہم اس فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کریں گے۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ جعلی مقدمات کے ذریعے عمران خان کا حوصلہ پست نہیں کیا جا سکتا، باقی مقدمات کی طرح یہ جعلی مقدمہ بھی اپنے انجام کو پہنچے گا۔مشیر اطلاعات نے کہا کہ القادر کیس میں پیسہ بیرون ملک سے آیا اور اسے ریاست کے فلاحی منصوبے پر خرچ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو سیرت النبی ﷺ سے روشناس کرانے پر جعلی حکومت عمران خان کو سزا دینے کی کوشش کر رہی ہے اگر نوجوانوں کو سیرت النبی ﷺ سے روشناس کرانا جرم ہے، تو یہ جرم عمران خان کرتا رہے گا، مشیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان یا بشریٰ بی بی کے اکاؤنٹ میں کوئی رقم منتقل نہیں ہوئی، عمران خان کے خلاف تمام جعلی مقدمات کی حقیقت عدالتوں میں بے نقاب ہو رہی ہے، جعلی حکومت نے ملک میں لاقانونیت کے نئے ریکارڈ قائم کیے ہیں۔