+92-91-0000000

Peshawar

صوبائی حکومت آزاد، مستحکم اور پیشہ ورانہ صحافت کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی، بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف،

Share This Post

پشاور:وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ، بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے محسود پریس کلب جنوبی وزیرستان اپر کی نومنتخب کابینہ کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی اور کابینہ سے حلف لیا۔ اس موقع پر انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومت آزاد، مستحکم اور پیشہ ورانہ صحافت کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ محسود پریس کلب کے صحافی اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے عوامی مسائل کو اجاگر کرنے اور ترقیاتی اہداف کے حصول میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے محسود صحافتی برادری کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مقامی صحافیوں نے ہمیشہ گڈ گورننس کے فروغ اور عوامی مسائل کے حل میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے مختص فنڈز کو مؤثر انداز میں بروئے کار لایا جائے گا تاکہ میڈیا کے پیشہ ور افراد کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے اور ان کی استعدادِ کار میں مزید بہتری لائی جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایک مضبوط اور آزاد میڈیا جمہوریت کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے اور حکومت صحافیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی تاکہ وہ بلا خوف و خطر اپنی ذمہ داریاں نبھا سکیں۔اس موقع پر محسود پریس کلب کے صدر نے صوبائی حکومت کے تعاون کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ حکومت مستقبل میں بھی صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔ انہوں نے مشیرِ اطلاعات کو جنوبی وزیرستان کے باضابطہ دورے کی دعوت بھی دی تاکہ وہ علاقے کے مسائل اور صحافیوں کو درپیش چیلنجز کا قریب سے جائزہ لے سکیں۔تقریب میں سیکرٹری اطلاعات و تعلقاتِ عامہ خیبر پختونخوا ارشد خان، ڈائریکٹر جنرل اطلاعات سلیم خان اور دیگر اہم شخصیات شریک تھیں۔ محسود پریس کلب کی نومنتخب کابینہ بھی اس موقع پر موجود تھی، جن میں چیئرمین انور محسود، صدر محمد فاروق، سینیئر نائب صدر عدنان بٹنی، نائب صدر محمد شعیب، جنرل سیکرٹری سکندر حیات، جوائنٹ سیکرٹری ثانیہ محسود، فنانس سیکرٹری اسحاق برقی اور پریس سیکرٹری رضوان اللہ شامل تھے۔تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ محسود پریس کلب اپنی ذمہ دارانہ صحافت کے ذریعے عوامی مسائل اجاگر کرنے اور مثبت تبدیلی لانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔