پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے وفاقی حکومت سے کہا ہے کہ وہ بھی افغانستان کے زلزلہ متاثرین کی مدد کے لیے آگے آئے۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈاپور کی طرح شہباز شریف کو بھی مشکل کی اس گھڑی میں افغانستان کا ساتھ دینا چاہیے، افغانستان ہمارا پڑوسی اور برادر ملک ہے اور معاشی طور پر کمزور بھی ہے۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے پاکستان سمیت پوری دنیا سے افغان زلزلہ متاثرین کی مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پڑوسی اور مسلمان ملک ہونے کے ناطے افغان زلزلہ متاثرین کی بھرپور معاونت ہمارا فرض ہے۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر خیبر پختونخوا حکومت نے 35 ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان افغانستان کے زلزلہ متاثرین کے لئے طورخم بارڈر پر افغان حکام کے حوالے کردیا گیا ہے. امدادی سامان میں 500 ونٹرائز ٹینٹس، 500 فیملی سائز ٹینٹس، 1000 ترپال، 1500 گدے، 3000 تکیے، 1500 رضائیاں، 500 کمبل اور دو ٹرکوں میں ضروری ادویات شامل ہیں. افغان حکام نے اس مشکل وقت میں بروقت امداد کی فراہمی پر حکومتِ خیبر پختونخوا خصوصاً وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا شکریہ ادا کیا ہے۔ بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے کہا کہ افغان بھائیوں کی مدد کے لیے مزید امدادی سامان بھی جلد بھیجا جائے گا۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ زلزلے میں زخمی افغان بھائیوں کو پشاور سمیت صوبے کے تمام ہسپتالوں میں مفت طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی اور یقین دلاتے ہیں کہ افغان بھائی اس کٹھن وقت میں خود کو اکیلا نہ سمجھیں، وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی قیادت میں خیبر پختونخوا حکومت افغان بھائیوں کی ہر ممکن مدد کے لیے تیار ہے،خیبر پختونخوا حکومت اس مشکل وقت میں افغان بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے زلزلے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کے لیے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔