پشاور:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے عیدقرباں کو موقع پر جامع اور مؤثرمنصوبہ بندی کی گئی ہے جس کے تحت عیدگاہوں، عوامی مقامات اور قربانی کے لیے مختص کردہ مقامات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ عید نماز سے قبل تمام عیدگاہوں کی صفائی کا عمل مکمل کیا جائے گا۔اس کے علاوہ ماحول دوست بائیوڈیگریڈیبل شاپنگ بیگز شہریوں میں تقسیم کیے گئے ہیں تاکہ وہ قربانی کے جانوروں کے فضلے کو مناسب انداز میں ٹھکانے لگائیں۔مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ گنجان آباد علاقوں میں عارضی ویسٹ کلیکشن پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں،ویسٹ ٹرانسفر اسٹیشنز کے ذریعے فضلہ کو فوری طور پر ڈمپنگ سائٹس تک منتقل کیا جائے گا۔اس کے علاوہ خصوصی سینٹیشن ٹیمیں سڑکوں، عوامی مقامات اور قربانی کے مقامات کی صفائی پر مصروف عمل ہوں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ صفائی پر مامور عملے کی نگرانی کے لیے ٹریکنگ سسٹمز استعمال کیے جائیں گے۔ عوامی شکایات کے بروقت ازالے اور مانیٹرنگ کے لیے مرکزی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جو کہ مختلف اداروں کے درمیان رابطے کا مرکز، عوامی شکایات کے اندراج کا ذریعہ اور فیلڈ آپریشنز کی نگرانی کرے گا۔عوام اپنی شکایات فون نمبر 0919214067 یا 0919213225 یا موبائل نمبر 0346-5607528 پر درج کرا سکتے ہیں۔مشیراطلاعات نے کہا کہ تعطیلات کے دوران جراثیم کش اسپرے، سڑکوں اور عوامی مقامات کی صفائی کا عمل تسلسل سے جاری رہے گا۔ صفائی اور ذمہ دارانہ رویّے کے فروغ کے لیے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر آگاہی مہمات چلائی جارہی ہے۔انہوں نے عوام سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ویسٹ ڈمپنگ کے لیے مختص مقامات کا استعمال کریں اورنالوں، کھلے مقامات یا جنگلات میں فضلہ پھینکنے سے اجتناب کریں۔