پشاور:وزیراعلی ٰخیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات وتعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ وفاق میں قائم جعلی اور چوری شدہ مینڈیٹ پر مبنی حکومت کی بدنیتی اب کسی سے ڈھکی چھپی نہیں رہی۔ صوبائی بجٹ جیسے اہم معاملے پر چیئرمین عمران خان سے مشاورت ناگزیر ہے، کیونکہ عوام نے ان کے نظریے، وژن اور قیادت کو ہی ووٹ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی قیادت کو اپنے قائد عمران خان سے ملاقات سے روکنا نہ صرف بدنیتی کی بدترین مثال ہے بلکہ عوامی مینڈیٹ کی توہین اور عدالتی احکامات کی کھلی خلاف ورزی بھی ہے۔ ایک منتخب وزیر اعلیٰ کو اپنے قائد سے مشاورت سے روکنا وفاقی حکومت کی تنگ نظری اور آمریت پسندانہ طرز عمل کا عکاس ہے۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید کہا کہ جعلی وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کو اصل عوامی مینڈیٹ کی سزا دے رہی ہے۔ یہ تعصب قومی یکجہتی کو نقصان پہنچا رہا ہے اور آئین و جمہوریت کی روح کے خلاف ہے۔ عمران خان وہ لیڈر ہیں جنہیں عوام نے اپنے مستقبل کی امید سمجھ کر منتخب کیا۔ ان سے مشاورت نہ کرنا، عوامی رائے اور جمہوری اقدار کی توہین ہے۔ بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی قیادت کو فوری طور پر اپنے قائد عمران خان سے ملاقات کی اجازت دی جائے تاکہ عوام کے مینڈیٹ کی پاسداری کی جا سکے انہوں نے کہا کہ جعلی حکومت بغض عمران خان میں قومی وحدت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہی ہے جسکے خطرناک نتائج سامنے ائینگے۔ بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے مزید کہا کہ جعلی حکومت اوچھے ہتھکنڈوں سے باز آئے۔