پشاور:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ نے آبی گزرگاہوں پر قائم تعمیرات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کی تیاریوں کا حکم دیا ہے۔تجاوزات کے خلاف بے رحم آپریشن شروع کیا جائے گا،
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ آبی گزرگاہوں میں قائم تعمیرات انسانی جانوں کے ضیاع کا باعث بن رہی ہیں،دریاؤں کے کنارے قائم تجاوزات کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی اورریور پروٹیکشن ایکٹ پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے پیش نظر آبی گزرگاہوں اور دریاوں کے کنارے قائم تجاوازات کا صفایا ناگزیر ہو چکا ہے۔انہوں نے عدالتوں سے گزارش کی کہ تجاوزات قائم کرنے والوں کو سٹے آرڈرز نہ دیے جائیں، وزیر اعلیٰ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کر رہے ہیں وزیراعلی کی ہدایت پر ڈیجیٹل ایپ کے ذریعے سیلاب متاثرین کو ادائیگیاں شروع ہو چکی ہیں۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ سیلاب متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کا عمل تیزی سے جاری ہے،انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں تمام نقصانات کا ممکنہ طور پرمکمل ازالہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام متاثرہ اضلاع میں ریلیف وبحالی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہے۔ امدادی سرگرمیوں میں 5 آرمی اور ایک صوبائی ہیلی کاپٹر حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر سیلاب میں شہید افراد کا پیکج 10 لاکھ سے بڑھاکر 20 لاکھ روپے کردیاگیاہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ سرکاری ادارے ریلیف وبحالی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔