پشاور:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ بغضِ عمران خان اور پی ٹی آئی میں قدرتی سانحات پر سیاست کرنا مسلم لیگ ن کا وطیرہ بن چکا ہے۔ وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور نے اعلیٰ ظرفی کا مظاہرہ کرکے پنجاب میں سانحات سے بچنے کے لئے مدد کی پیشکش کی ہے جبکہ مسلم لیگ ن کے وزراء کم ظرفی کا مظاہرہ کرکے قدرتی سانحات پر بھی سیاست چمکارہے ہیں۔وفاقی وزیرعطا تارڑکے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ اگر سانحہ سوات کو کرپشن سے جوڑاجا رہے ہے تو پنجاب کے سانحات کو کیا نام دیں گے۔ عطا تارڑ سانحہ سوات پر بیان دینے سے پہلے قوم کو پنجاب اور اسلام آباد کے سانحات میں ہونے والی اموات، انفراسٹرکچر اور نکاسی آب کی تباہی کا جواب دیں۔انہوں نے کہا کہ چند گھنٹوں کی بارش نے اسلام آباد اور پنجاب کے نکاسی آب کے نظام کا پول کھول دیا ہے،لاہور کو پیرس بنانے کے دعوے بھی پانی میں بہہ گئے ہیں۔ اسلام آباد اور پنجاب کے متعدد علاقے محض ایک بارش کے بعد آبِ ستان کا منظر پیش کر رہے ہیں اورسڑکیں جھیلوں میں تبدیل ہو چکی ہیں۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ کئی دہائیوں سے شریف خاندان ملک اور خاص کر پنجاب پر مسلط ہے مگر چند گھنٹوں کی بارش نے انکے جھوٹے دعووں کو آشکارا کیا۔ لاہور کو پیرس بنانے کے دعووں کا پول بھی کھل گیا ہے۔