پشاور:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ آڈٹ رپورٹ نے مریم نواز کے پہلے رمضان پیکج کی قلعی کھول دی ہے۔کہتے ہیں کہ نقل کے لیے بھی عقل کی ضرورت ہوتی ہے۔مریم نواز نے رمضان پیکج میں علی امین گنڈاپور کی نقل کر کے قومی خزانے کے اربوں روپے ضائع کر دیے، بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ پنجاب کے پہلے رمضان نگہبان پیکج 2024 میں مالی بے ضابطگیوں کے سنگین انکشافات سامنے آئے ہیں، بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید کہا کہ نااہل وصول کنندگان اور ڈیٹا کی ناکامی کے بھی سنگین انکشافات سامنے آئے ہیں، رپورٹ کے مطابق، میرٹ پر پورا نہ اترنے والے 9,300 سرکاری ملازمین نے 3 کروڑ 46 لاکھ روپے کا راشن ہڑپ کیا، اسی طرح ایک ارب 63 کروڑ روپے کے پیکٹ لاہور، رحیم یار خان، فیصل آباد اور راولپنڈی میں 4 لاکھ 41 ہزار مستحقین کو نہیں ملے، آڈٹ رپورٹ کے مطابق، غلط ڈیٹا کے باعث قومی خزانے کو 1 ارب 81 کروڑ روپے کا نقصان پہنچا، بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ تقریباً پانچ لاکھ پیکٹ ایسے افراد کو دیے گئے جن کے ایڈریس غلط تھے اور سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اگر ایڈریس غلط تھے تو پانچ لاکھ راشن پیکٹس کہاں گئے آڈٹ رپورٹ کے مطابق، پنجاب فوڈ اتھارٹی نے معیار چیک کرنے میں غفلت برتی جبکہ ناقص ڈیٹا فراہم کرنے میں پی آئی ٹی بی اور ڈپٹی کمشنرز نے پتے چیک نہ کرنے میں کوتاہی کی، بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ ٹرانسپورٹ میں بدانتظامی رہی، اور بی آئی ایس پی نے اہل وصول کنندگان کی فہرست اپ ڈیٹ نہ کر کے غفلت کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز قوم کے ٹیکسوں کا پیسہ اپنی نااہلی کی نذر کر رہی ہیں۔ عوام کے ٹیکسوں کے پیسے چوری کرنا اور باہر ممالک جائیدایں بنانا شریف خاندان کا پرانا وطیرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کوئی منصوبہ اس وقت شروع نہیں کرتا جب تک اپنا کمیشن پکا نہیں کرتا ہے۔ خیبر پختون خوا میں منصوبے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے شروع کئے جاتے ہیں جبکہ پنجاب میں تمام منصوبے شریف خاندان کو ریلیف پہنچانے کے لئے شروع کئے جاتے ہیں۔