میرا وس کی یادگار پرفارمنس اور دل کو چھو لینے والا انداز ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہے گا،مشیر اطلاعات
پشاور:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے پشتو کے معروف مزاحیہ فنکار حیات خان المعروف میراوس کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ پشتو انڈسٹری کے معروف مزاحیہ فنکار میراوس کے انتقال پر دل انتہائی رنجیدہ ہے۔انہوں نے کہا کہ کروڑوں پشتونوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے میراوس کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، میراوس کی شاندار مزاحیہ اداکاری نے کروڑوں پشتونوں کو خوشیاں دی ہیں اور ان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔ مشیر اطلاعات نے کہا کہ ان کی یادگار پرفارمنس اور دل کو چھو لینے والا انداز ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہے گا۔ میراوس ایک ایسے فنکار تھے جو اپنی موجودگی سے محفلوں کو رنگین بنا دیتے اور چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرتے تھے، ان کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلا شاید کبھی پر نہ ہو سکے اور ان جیسے فنکار روز روز پیدا نہیں ہوتے۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا مزید کہنا تھا کہ میراوس کی رحلت سے پیدا ہونے والا خلا مدتوں پورا نہیں ہوگا، وہ پشتو انڈسٹری کا ایک روشن ستارہ تھے۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں ہم میراوس کے خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، مشیر اطلاعات نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور اس کے اہلِ خانہ اورچاہنے والوں کو صبر جمیل دے۔