وفاقی بجٹ امیر سے امیر تر اور غریب سے غریب تر کے سوا کچھ نہیں ہے،بیرسٹر ڈاکٹر سیف
وفاقی بجٹ امیر سے امیر تر اور غریب سے غریب تر کے سوا کچھ نہیں ہے،بیرسٹر ڈاکٹر سیف
پشاور:وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ امیر سے امیر تر اور غریب سے غریب تر کے سوا کچھ نہیں ہے۔ قومی ادارے اونے پونے داموں بیچنا بجٹ کی زینت بنی۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل پہلے ہی سے عوام کے دسترس سے باہر ہے بجٹ میں لیوی مزید بڑھائی گئی۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے براہ راست مہنگائی میں اضافہ ہوتا ہے۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ بجٹ سے مہنگائی کا نیا طوفان برپا ہوجائیگا۔ مشیر اطلاعات نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہے ہیں۔ ان کے بائیکاٹ کا ٹوپی ڈرامہ عوام خوب سمجھتے ہیں۔ بلاول بھٹو ڈرامے بند کرکے وضاحت کریں کہ وہ حکومت کے ساتھ ہیں یا نہیں؟ وہ روٹھ کر غریب دشمن بجٹ سے راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اس بدترین بجٹ کی ذمہ داران دونوں پارٹیاں ہیں لہذا بلاول بھٹو زرداری عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش نہ کریں، اس غریب اور عوام دشمن بجٹ کا حساب دونوں پارٹیوں کو دینا ہوگا۔ پہلے بجٹ میں دونوں پارٹیوں کا یہ حال ہے آگے آگے دیکھ ہوتا ہے کیا۔