+92-91-0000000

Peshawar

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی قیادت میں خیبر پختونخوا حکومت کرم معاملے میں انتہائی سنجیدہ ہے،مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف

Share This Post

پشاور: صوبائی مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف سے انکے دفتر میں اہلسنت واہل تشیع وفود نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ملاقاتوں میں فریقین نے امن معاہدے کے نفاذ میں حائل رکاوٹوں پر تبادلہ خیال کیا، فریقین نے بیرسٹر ڈاکٹر سیف کو اپنے اپنے تحفظات سے بھی آگاہ کیا۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے دونوں فریقین کے تحفظات بغور سنے اور انہیں دور کرنے کی یقین دہانی کرائی، دونوں وفود نے کرم معاملے پر حکومت کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ملاقات میں دونوں وفود نے کرم میں قیام امن کے لئے حکومتی فیصلوں کا خیر مقدم کیا اور بنکرز کی مسماری سمیت تمام حکومتی فیصلوں پر عمل درآمد کا اعادہ کیا، فریقین نے کرم معاملے میں خصوصی دلچسپی پر بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی قیادت میں خیبر پختون خوا حکومت کرم معاملے میں انتہائی سنجیدہ ہے۔انہوں نے کہا کہ کرم میں امن کا قیام دونوں فریقین اور عوام کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ کرم کے عوام کو حکومت کا ساتھ دینا ہوگا۔مشیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ایک صدی سے زائد اس تنازعے کے پرامن حل میں خصوصی دلچسپی لی۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ دونوں فریق اور عوام شر پسند عناصر سے دور رہیں۔انہوں نے کہا کہ علاقے میں پائیدار امن کی خاطر بنکرز کی مسماری کا عمل جاری ہے، دونوں فریقین کے بنکرز بلاتفریق مسمار کئے جارہے ہیں۔مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ کرم کے لئے امدادی سامان کا بڑا قافلہ عنقریب روانہ کیا جائیگا۔