وزیراعظم اور وفاقی حکومت کو عزم استحکام سے متعلقہ امور کی وضاحت کرنی چاہئے، بیرسٹر ڈاکٹر سیف
وزیراعظم اور وفاقی حکومت کو عزم استحکام سے متعلقہ امور کی وضاحت کرنی چاہئے، بیرسٹر ڈاکٹر سیف
مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا عزم استحکام آپریشن کے حوالے سے ردعمل
پشاور:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کا خاتمہ اور استحکام سب کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم نے کل جو عزم استحکام کے حوالے سے بات کی اس پر وفاقی حکومت کو عزم استحکام کے طریقہ کار، مدت اور دیگر متعلقہ امور کی وضاحت کرنی چاہئے۔انہوں نے واضح کیا کہ اس اہم ترین معاملے پر سینٹ، قومی و صوبائی اسمبلیوں کو اعتماد میں لینا ضروری ہے۔ علاوہ ازیں سیاسی پارٹیوں سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت ضروری ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں کیا۔مشیر اطلاعات نے کہا کہ ضم اضلاع کے معاملات پر پی ٹی آئی نے 26 جون کو قبائلی ملکان کا گرینڈ جرگہ منعقد کیا ہے، عزم استحکام کی تفصیلی اور واضح خدوخال تاحال سامنے نہیں آئے ہیں، عزم استحکام کہاں اور کب شروع کرنا ہے اسکی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں،عزم استحکام صرف ایک صوبے سے منسوب کرنے کا تاثر دینا قبل ازقت ہے اور یقینا عزم استحکام میں متعلقہ صوبے سے مشاورت نظر انداز نہیں کی جائیگی، وزیراعظم نے واضح طور پر کہا ہے کہ دہشت گردی کا خاتمہ صرف ایک ادارے کا مسئلہ نہیں ہے، اسی طرح دہشت گردی بھی صرف ایک صوبے کا نہیں بلکہ پورے ملک کا مسئلہ ہے، دہشت گردی سے خیبر تا کراچی پورا ملک متاثر ہے۔بیرسٹر سیف نے واضح کیا کہ گڈ بیڈ طالبان کے حوالے سے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا بیان سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا جارہا ہے، وزیر اعلیٰ اس قسم کے بے بنیاد بیان سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہیں، غلط بیان بازی ملک سے دہشت گردی کے خاتمے میں رکاوٹ بنے گی، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تمام قوم متحد ہے، تمام قوم دہشت گردی کے خلاف پاک فوج اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔