پشاور:وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے پشاور چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کا دورہ کیا اور تاجر برادری و چیمبر کے اراکین کے ساتھ ملاقات کی۔اس موقع پر بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے تاجر برادری کے کردار کو سراہتےہوئے کہا کہ بزنس کمیونٹی معاشرے کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ چھوٹے تاجر اور کاروباری طبقہ معاشی استحکام اور سماجی ترقی کے لیے کلیدی قوت ہیں۔تاجروں نے اپنے مسائل اور درپیش مشکلات سے مشیر اطلاعات کو آگاہ کیا۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے یقین دلایا کہ ان مسائل کو نہ صرف متعلقہ محکموں کے سامنے رکھا جائے گا بلکہ وزیرِاعلیٰ کو بھی آگاہ کیا جائے گا۔ اُنہوں نے مزید اعلان کیا کہ تاجر برادری اور سرکاری محکموں کے مابین براہِ راست رابطے اور مسائل کے بروقت حل کے لیے خصوصی انٹریکٹو سیشنز منعقد کیے جائیں گے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ معیشت معاشرے کی رگوں میں خون کی مانند ہے اور ایک مضبوط معیشت کے بغیر حقیقی ترقی ناممکن ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت ہر ممکن اقدام اُٹھائے گی تاکہ مقامی تجارت کو فروغ دیا جاسکے، چھوٹی صنعتوں کو مستحکم کیا جاسکے اور کاروبار کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جاسکے۔چیمبر کے اراکین نے مشیر اطلاعات کے دورے کو سراہا اور حکومت کی جانب سے تاجر برادری کی حمایت و معاونت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ملاقات کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ تجارت کے فروغ، چھوٹی صنعتوں کی مدد اور خیبر پختونخوا کی مجموعی معاشی ترقی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔