صوابی: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے منگل کے روز کیپٹن کرنل شیر خان شہید کیڈٹ کالج صوابی کا دورہ کیا، جہاں کالج کے پرنسپل بریگیڈیئر (ر) محمد ارشد معین (ستارہ امتیاز ملٹری) اور دیگر سینئر عملے نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ وائس پرنسپل گروپ کیپٹن مرتضیٰ نے مہمانِ خصوصی کو کالج کی تاریخ، تعلیمی کارکردگی اور انفراسٹرکچر سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ انہیں بتایا گیا کہ یہ کیڈٹ کالج 2011 میں قائم کیا گیا جو 820 ایکڑ رقبے پر پھیلا ہوا ہے اور اس میں ایڈمن بلاک، دو تعلیمی بلاکس، طلبہ کے لیے چھ رہائشی ہاسٹلز اور سٹاف کے لیے کالونی موجود ہیں، جہاں طلبہ کو معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ قیام و طعام کی سہولیات بھی فراہم کی جاتی ہیں۔وائس پرنسپل کے مطابق، کالج نے میٹرک اور ثانوی تعلیمی بورڈ کے امتحانات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، اور اب تک سات طلبہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن مردان میں ٹاپ تھری پوزیشنوں میں جگہ بنا چکے ہیں۔ امسال 124 طلبہ نے انٹرمیڈیٹ کا امتحان دیا جو سب اے ون گریڈ میں پاس ہوئے۔ کالج جلد ہی کیمبرج سسٹم کا بھی اجرا کرنے والا ہے۔ تعلیم کے ساتھ ساتھ کالج میں ہم نصابی سرگرمیوں اور کھیلوں کی بہترین سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں، جن میں کرکٹ، ہاکی، اتھلیٹکس، گھڑ سواری، تیراکی اور دیگر سرگرمیاں شامل ہیں۔ کیڈٹس کی کردار سازی کالج کی اولین ترجیحات میں شامل ہے تاکہ وہ عملی زندگی میں کامیاب اور ذمہ دار شہری بن سکیں۔بیرسٹر سیف نے کالج کے کلاس رومز، لیبارٹریز اور لائبریری کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے طلبہ سے غیر رسمی انداز میں بات چیت کی اور ان کی تعلیمی سرگرمیوں سے متعلق معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے طلبہ کے جذبے، نظم و ضبط اور کالج کی تعلیمی ماحول کو سراہا۔آڈیٹوریم میں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وطن سے محبت ایمان کا حصہ ہے۔ ”پاکستان ہماری دھرتی۔ماں ہے اور اس کی سالمیت، اتحاد اور ترقی کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔” انہوں نے کیڈٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس سنہری موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور سخت محنت کریں تاکہ مستقبل میں کامیاب شہری ہی نہیں بلکہ قوم کے رہنما بن سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بلند کردار اور دیانت داری سے ہی کامیابی کی منزلیں طے کی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے کالج کے پرنسپل بریگیڈیئر (ر) محمد ارشد معین اور اساتذہ کی کاوشوں کو سراہا اور صوبائی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔دورے کے اختتام پر، مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کالج کے لان میں ایک پودا بھی لگایا، جو حکومت کی ماحول دوست پالیسیوں کی علامت ہے۔