ملاقات میں امن و امان اور سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی
پشاور:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیربرائے اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف سے امریکہ کے پولیٹیکل سیکشن کے وزیر اور کمیشن کے قائم مقام ڈپٹی ہیڈ، زیچ ہارکن رائڈر نے گذشتہ روز ملاقات کی۔ملاقات میں پہلگام کے فالس فلیگ آپریشن کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ امن و امان اور ملکی و صوبائی سیاسی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے بھارت کے بے بنیاد الزامات اور مودی کے جنگی جنون بارے وفد کو آگاہ کیا۔ اس کے علاوہ امریکی وفد کو عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کے خلاف جعلی مقدمات سے بھی آگاہ کیاگیا۔ملاقات میں خیبر پختونخوا اور خاص طور پر ضم اضلاع کے ترقیاتی امور پر بھی گفتگو ہوئی۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت ضم اضلاع کی ترقی کو خصوصی اہمیت دے رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت امن و امان، تعلیم کے فروغ اور صحت کی سہولیات پر کثیر بجٹ خرچ کر رہی ہے تاکہ عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جا سکے۔امریکی وفد نے خیبر پختونخوا حکومت کے اقدامات کو سراہا اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے آخر میں وفد کا شکریہ ادا کیا۔