لینڈ رجسٹریشن کے ذریعے تنازعات کو کم کرکے پائیدار امن کے لیے کام کرنا ہوگا ، بیرسٹرڈاکٹر سیف
لینڈ رجسٹریشن کے ذریعے تنازعات کو کم کرکے پائیدار امن کے لیے کام کرنا ہوگا ، بیرسٹرڈاکٹر سیف
پشاور:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹرڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ اراضی کا بندوست ایک ذمہ داری ہے جس میں ہم سب نے مل کر کام کرنا ہے۔ لینڈ ریکارڈ اور رجسٹریشن وقت کی اہم ضرورت ہے، اپنی جائیداد اور معدنیات کو ریکارڈ پر لائیں اگر ہم یہ نہیں کریں گے تو زمینی تنازعات میں اضافہ ہوگا۔ لینڈ ریکارڈ نہ ہونے کی وجہ سے قبائل آپس میں لڑ رہے ہیں۔ ہم نے لینڈ رجسٹریشن کرکے ان تنازعات کو کم کرکے پائیدار امن کے لیے کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں صوبائی حکومت بھرپور مدد کرے گی اور قانونی تحفظ فراہم کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں ضم شدہ قبائلی علاقے حسن خیل کے سپورٹس گالا کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں صوبائی و ضلعی حکام کے علاؤہ قبائلی عمائدین، کھلاڑیوں اور بڑی تعداد میں خواتین و حضرات شریک تھے۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ اگر کسی کو رجسٹریشن میں کوئی مسئلہ ہے توخیبرپختونخوا حکومت کے دروازے کھلے ہیں حکومت کے متعلقہ ادارے ہر وقت آپ کی خدمت میں حاضر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا عالمی سطح پر لینڈ ریکارڈ میں بہت پیچھے ہے۔ اراضی کا بندوبست ایک اہم معاملہ ہے اور صوبائی حکومت اس میں بہت سنجیدہ ہے۔ اراضی کا بندوست اربن پلاننگ، معدنیات اور دیگر اہم امور کے لیے بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضم شدہ قبائلی علاقوں میں بہت ساری زمینیں بغیر settlement اور بغیر رجسٹریشن کے رہ گئی ہیں۔ جس کی وجہ سے آئے روز تنازعے اور لڑائی جھگڑے ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان طاقت کا دوسرا نام ہے لہذا نوجوان نسل اپنی توانائی قوم و وطن کی تعمیر و ترقی پر خرچ کریں۔ انہوں نے قبائلی مشران، کھلاڑیوں اور عوام پر زور دیا کہ وہ زمینیں رجسٹر کرنے میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ جو قومیں ماضی میں رہتی ہیں اور تبدیلی کیلئے تیار نہیں ہوتیں وہ ماضی میں رہ جاتی ہیں۔ اس لئے ہمیں ماضی کے فرسودہ نظام سے نکلنا ہوگا اور خود کو جدید نظام سے ہم آہنگ کرانا ہوگا۔