پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹرڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ عمران خان سے ملاقاتوں پر پابندی عائد کرناجعلی حکومت کے ہوش و حواس کھونے کا واضح ثبوت ہے، قید میں موجود ایک شخص نے جعلی حکومت کی نیندیں حرام کر رکھی ہیں، ملاقاتوں پر پابندی اور دیگر سختیوں کا مقصد عمران خان پر دباؤ ڈال کر انہیں کسی ڈیل کے لیے مجبور کرنا ہے۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید کہا کہ جعلی وفاقی حکومت یہ بات ذہن نشین کر لے کہ عمران خان، نواز شریف کی طرح کسی ڈیل کا حصہ نہیں بنیں گے،مینڈیٹ چور حکومت نہ صرف بنیادی انسانی حقوق پامال کر رہی ہے بلکہ توہینِ عدالت کی بھی مرتکب ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملاقاتوں پر پابندی شکوک و شبہات کو جنم دے رہی ہے، اس پابندی سے کارکنوں میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملاقاتوں پر پابندی فوری طور پر ختم کی جائے۔مریم نواز کے بیانات پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب کے قول و فعل میں تضاد واضح ہو چکا ہے۔روزانہ ان کے جلسوں میں عمران خان کو سہولیات دینے کی بات کی جاتی ہے، مگر حقیقت اس کے برعکس ہے۔