+92-91-0000000

Peshawar

عمران خان سے مشاورت کے بغیر صوبائی بجٹ منظور نہیں ہوگا,بیرسٹر ڈاکٹر سیف

Share This Post

پشاور:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ عمران خان سے مشاورت کے بغیر صوبائی بجٹ منظور نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ چونکہ عوام نے عمران خان کے نظریے کو ووٹ دیا ہے، اس لیے بجٹ کی منظوری بھی اُن کی مشاورت سے مشروط ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام اپنے مینڈیٹ کی توہین کسی صورت برداشت نہیں کریں گے، اور اگر صوبے میں کسی بھی قسم کی ایمرجنسی نافذ کرنے کی کوشش کی گئی تو جعلی حکومت ایک دن بھی نہیں چل سکے گی۔ مشیر اطلاعات نے واضح کیا کہ صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کا اختیار صرف وزیر اعلیٰ کے پاس ہے، اور وہ جب چاہیں اسمبلی تحلیل کر سکتے ہیں۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ خیبر پختونخوا واحد صوبہ ہے جہاں فارم 45 کی بنیاد پر ایک حقیقی عوامی حکومت قائم ہے، جبکہ وفاق اور دیگر صوبائی حکومتیں فارم 47 کے سہارے قائم ہیں، جو کہ جعلی مینار پر کھڑی ہیں، اور ان حکومتوں کو گرانے کے لیے ایک معمولی دھکا ہی کافی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے عمران خان کے نظریے کو ووٹ دیا ہے لہٰذا تمام اہم فیصلے ان کی مشاورت سے ہی کیے جائیں گے۔ انہوں نے وفاقی حکومت کو خبردار کیا کہ اوچھے ہتھکنڈوں سے باز آجائے اور جلد از جلد عمران خان سے ملاقات کا بندوبست کرے۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کی حکومت کو کمزور کرنے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑ رہی۔ عوام کو عمران خان کو ووٹ دینے کی سزا دی جا رہی ہے، حالانکہ خیبر پختونخوا وفاق کی ایک اہم اکائی ہے، جسے کمزور کرنا دراصل پاکستان کو کمزور کرنے کے مترادف ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے خیبر پختونخوا کے خلاف کسی بھی سازش کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ عمران خان کے وژن کے مطابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی قیادت میں صوبے میں ترقیاتی عمل تیزی سے جاری ہے، جو وفاقی حکومت کو ہضم نہیں ہو رہا، اسی لیے آئے روز نئی سازشیں کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پاکستان تحریک انصاف کا قلعہ ہے اور عمران خان کی رہائی کی تحریک بھی یہیں سے بھرپور انداز میں چلائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان پر جھوٹے مقدمات بنا کر انہیں قید کیا گیا ہے، لیکن جلد تمام جعلی مقدمات ختم ہو جائیں گے اور عمران خان کی رہائی یقینی بنائی جائے گی۔