+92-91-0000000

Peshawar

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے باوجود وفاقی حکومت عوام کو خاطر خواہ ریلیف دینے میں ناکام رہی ہے،بیرسٹر ڈاکٹر سیف

Share This Post

پشاور:وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات وتعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے باوجود وفاقی حکومت عوام کو خاطر خواہ ریلیف دینے میں ناکام رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں حالیہ کمی اونٹ کے منہ میں زیرہ کے مترادف ہے۔ صرف اپریل کے مہینے میں فی لیٹر 20 روپے کی کمی ہونی چاہیے تھی مگر جعلی حکومت کو عوام کی کوئی پروا نہیں ہے۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ جعلی حکومت نے اپریل میں دو مرتبہ تیل کی قیمتوں میں کمی کو معطل کر کے عوام کو ریلیف سے محروم رکھا۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت صرف اشتہارات میں ریلیف دیتی ہے جبکہ حقیقت میں اس حوالے سے کوئی سنجیدگی نہیں دکھائی جا رہی۔انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں عمران خان کے دور حکومت سے بھی کم ہو چکی ہیں، مگر جعلی حکومت قیمتیں کم کرنے کے لئے تیار نہیں ہے۔ عمران خان کے دور حکومت میں پٹرول کی قیمت 150 روپے فی لیٹر تھی۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ عوام کو حقیقی ریلیف صرف عمران خان ہی دے سکتے ہیں۔ جعلی حکومت نے عوام کو مہنگائی کے دلدل میں پھنسایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ جعلی حکومت میں عوام دو وقت کی روٹی کے لئے ترس رہی ہے جبکہ حکمران عیاشیوں میں مصروف ہیں۔