صوابی کا جلسہ جعلی حکومت کے خاتمے اور عمران خان کی رہائی کی نوید ہے, بیرسٹر ڈاکٹر سیف
صوابی کا جلسہ جعلی حکومت کے خاتمے اور عمران خان کی رہائی کی نوید ہے بیرسٹر ڈاکٹر سیف
پشاور:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ صوابی کا جلسہ جعلی حکومت کے خاتمے اور عمران خان کی رہائی کی نوید ہے۔ علی امین گنڈاپور کی سربراہی میں صوابی جلسے نے مخالفین کے اوسان خطا کئے ہیں۔ عظیم الشان جلسے نے ثابت کیا کہ عمران خان عوام کے دلوں کی دھڑکن ہے۔ جلسے میں لاکھوں کی تعداد میں عوام نے شرکت کرکے جعلی حکومت کو آخری وارننگ دی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ جعلی حکومت سوچ لے یہ اجتماع اسلام آباد کا رخ کرلے تو کیا ہوگا۔ صوابی سے اسلام آباد صرف ڈیڑھ گھنٹے کے فاصلے پر ہے۔ جعلی حکومت کے نمائندوں کو چھپنے کی جگہ نہیں ملیں گی۔ بنگلہ دیش کا واقعہ جعلی حکومت کے لئے ایک ٹریلر ہے، شیخ حسینہ واجد کی طرح شریف خاندان بھی تیاری کرے، بصورت دیگر پھر بھاگنے کا موقع نہیں ہوگا۔ پی ٹی آئی صوابی جلسے نے مینڈیٹ چور سرکار کے خاتمے پر مہر تصدیق ثبت کردی۔پاکستانی عوام نے فیصلہ دے دیا کہ وہ اب بھی عمران خان کیساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں۔ اس عوامی طوفان کی لہریں اسلام آباد کے ایوانوں سے ٹکرائیں گی جس سے جعلی سلطنت فاش فاش ہوگی۔شریف خاندان ایک بار پھر لندن بھاگنے کی تیاری کر لے۔