شہباز شریف نے ارشد ندیم کی جیت پر بھی شوبازی دکھائی، مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف
شہباز شریف نے ارشد ندیم کی جیت پر بھی شوبازی دکھائی، مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف
پشاور:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے ارشد ندیم کی جیت پر بھی شوبازی دکھائی،جشن ایسے منا رہے تھے کہ جیسے ارشد ندیم کے کوچ ہوں اور جاتی امراء میں انکی تربیت کی ہو، شہباز شریف اورمریم نواز صرف ٹک ٹاک بنانے کے لیے ارشد ندیم کے پاس پہنچ گئے،ارشد ندیم نے گولڈ میڈل محنت سے جیت کرملک کا نام روشن کیا لیکن کریڈٹ لینے کے لیے اداکار پہنچ گئے، مینڈیٹ چور وفاقی اور صوبائی سرکار ارشد ندیم کے لئے بین الاقوامی معیار کی جیولن بھی خرید نہ سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں کیا۔ بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ اربوں کی کرپشن اور بیرون ملک اثاثے رکھنے والا شریف خاندان ارشد ندیم کے لئے سات لاکھ روپے کا جیولن بھی نہیں خرید سکتا، ارشد ندیم نے خالص اپنے محنت کے بل بوتے پر کامیابی کے جھنڈے گاڑے اور ملک کا نام روشن کیا، وفاق اور پنجاب حکومت نے اولمپکس تیاری کے لیے ارشد ندیم کو ایک روپیہ نہیں دیا، ارشد ندیم جیسے ہزاروں باصلاحیت نوجوان میڈیٹ چوروں کی وجہ سے ضائع ہورہے ہیں، ہمارے نوجوان ہر شعبے میں اپنا لوہا منواسکتے ہیں بشرطیکہ حکمران مخلص ہوں۔مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا کہ کھیلوں کے ذریعے ملک کا بہترین امیج بن سکتا ہے۔