دہشت گردی کی مد میں صوبے کو 590 ارب روپے دینے کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف سراسر جھوٹ بول رہے ہیں، بیرسٹر ڈاکٹر سیف
دہشت گردی کی مد میں صوبے کو 590 ارب روپے دینے کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف سراسر جھوٹ بول رہے ہیں، بیرسٹر ڈاکٹر سیف
پشاور:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے وزیراعظم شہباز شریف کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ دہشت گردی کی مد میں صوبے کو 590 ارب روپے دینے کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف سراسر جھوٹ بول رہے ہیں، یہ رقم 2010 میں سوات آپریشن کی تعمیر و بحالی کے کاموں پر خرچ ہوئی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں کیا۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ این ایف سی کے تحت بقایاجات تاحال صوبے کو نہیں ملے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نااہل ٹولہ دہشت گردی جیسے اہم معاملے پر بھی سیاست کررہا ہے، عزم استحکام کے حوالے سے بھی نااہل ٹولے نے فوج اور عوام میں دوریاں پیدا کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی صرف خیبر پختونخوا کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ پورے ملک کا مسئلہ ہے، دہشت گردی کا خاتمہ صوبے سے زیادہ وفاق کی ذمہ داری ہے کیونکہ بارڈرز وفاق کے زیرانتظام آتے ہیں،جعلی فارم 47 کے نااہل وزیراعظم کو یہ بھی پتہ نہیں کہ بارڈر پر وفاقی ادارے ذمہ داریاں نبھاتے ہیں۔مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا کہ وفاق نے دہشت گردی سمیت ہر مد میں معاشی طور صوبے کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا ہے۔